On this page
ذیل میں شامل وہ سرکاری ایجنسیاں جو نیوزی لینڈ میں قومی سلامتی اور آپ کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں۔ یہ معلومات اس بارے میں ہیں کہ وہ کیا کرتی ہیں اور وہ آپ کی کیسے مدد کرسکتی ہیں۔ آپ نیوزی لینڈ پولیس اور NZSIS کو غیر ملکی مداخلت کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ اطلاع دینے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے دیکھیں: غیرملکی مداخلت کی اطلاع کیسے دی جائے۔
New Zealand Police | Ngā Pirihimana o Aotearoa
نیوزی لینڈ پولیس ایسی خدمات فراہم کرتی ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ لوگ اپنے گھروں، ہماری سڑکوں اور اپنی کمیونٹیوں میں محفوظ رہیں اور محفوظ محسوس کریں۔ پولیس دن میں 24 گھنٹے فعال طور پر جرائم اور نقصانات کے اندیشوں پر نظر رکھتی ہے اور ان سے بچاتی ہے۔ تقریبا 15,000 عملے کے ساتھ، ہم شہری اور دیہی اسٹیشنوں اور پولیس کے بڑے مراکز میں کام کرتے ہیں۔
ہم زمین، سمندر اور ہوا میں کام کرتے ہیں، اور ہر سال 1.3 ملین سے زیادہ واقعات پر کارروائی کرتے ہیں - 925,000 سے زیادہ 111 کالز اور 743,000 سے زیادہ غیر ہنگامی کالز کا جواب دیتے ہیں۔
پولیس عملے کو نیوزی لینڈ میں ہر ایک کی مدد اور حفاظت کی تربیت دی جاتی ہے۔ پولیس کی خدمات آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طور پر اس انداز میں فراہم کی جاتی ہیں کہ ان میں انسانی حقوق کا احترام جھلکتا ہو۔
پولیس کے اہم فرائض میں جرائم اور سڑک کے حادثات کی روک تھام، ان کی تحقیقات ، انہیں حل کرنا اور انہیں کم کرنا شامل ہے۔ پولیس کے فرائض میں یہ شامل ہیں:
- امن برقرار رکھنا
- عوامی تحفظ برقرار رکھنا
- قانون کا نفاذ
- جرائم کی روک تھام
- کمیونٹیوں کی معاونت اور یقین دہانی
- قومی سلامتی
- نیوزی لینڈ سے باہر پولیس سرگرمیوں میں شرکت
- ہنگامی صورتوں میں نظم وانتظام۔
ایتھنک (یا کثیر ثقافتی) رابطہ افسر
پولیس تنوع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ملک بھر میں ایتھنک رابطہ افسران کی موجودگی کے ذریعے ایتھنک (کثیر ثقافتی) کمیونٹیوں کی معاونت کرتی ہے۔ وہ کمیونٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے تاکہ کمیونٹیوں کو پولیس کی خدمات کو سمجھنے اور ان تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے، وہ کمیونٹی کے خدشات کے بارے میں پولیس کو معلومات فراہم کر سکیں اور وہ پولیس کے ساتھ مل کر ایتھنک کمیونٹیوں سے متعلقہ جرائم کی تحقیقات اور روک تھام کے سلسلے میں کام کر سکیں۔
ہمارا عملہ ہمیشہ آپ کے خدشات کو سننے اور حفاظت کو بہتر بنانے کے لئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔
اگر آپ کو روبرو یا آن لائن ایسی دھمکیاں دی جاتی ہیں جو آپ کو اپنے یا دوسروں کے حوالے سے خوف زدہ کریں تو براہ کرم پولیس سے رابطہ کریں۔ اس میں کوئی بھی ایسا واقعہ شامل ہے جو نسل، عقیدے، جنسی رجحان، صنفی شناخت، معذوری یا عمر کی بنیاد پر دشمنی پر مبنی رویّے کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
نیوزی لینڈ کے تمام باشندوں کو اپنے ارد گرد کے ماحول سے آگاہ ہونا چاہئے اور حکام کو مشکوک یا غیر معمولی رویے کی اطلاع دینی چاہئے۔
111 پولیس ایمرجنسی:
111 پر کال کریں اور پولیس طلب کریں- جب:
- لوگ زخمی ہوں یا خطرے میں ہوں؛ یا
- جب جان یا مال کو ایک سنگین، فوری، یا یقینی خطرے کا سامنا ہو؛ یا، کوئی جرم کیا جا رہا ہو یا ابھی ابھی کیا گیا ہو اور مجرم اب بھی جائے وقوعہ پر موجود ہوں یا ابھی ابھی فرار ہوئے ہوں۔
105 غیر ہنگامی پولیس رپورٹنگ:
اگر معلومات وقت کے لحاظ سے فوری اقدام کی طلبگار نہ ہوں تو لوگ اپنی مقامی پولیس کو ان طریقوں سے مشکوک یا غیر معمولی رویے کی اطلاع دے سکتے ہیں:
- 105.police.govt.nz پر جاکر آن لائن رپورٹ مکمل کرنا یا نیوزی لینڈ پولیس کے غیر ہنگامی نمبر 105 پر فون کرنا
- اپنے قریبی پولیس اسٹیشن جانا
- 0800555111 پر کرائم اسٹاپرز کو کال کرنا
اگر آپ کو پولیس سے بات کرنے کی ضرورت ہے تو کسی بھی موبائل یا لینڈ لائن سے 105 پر کال کریں۔ یہ ایک مفت ملک گیر خدمت ہے جو 24/7 دستیاب ہے. اگر آپ 105 پر رابطہ نہیں کر سکتے تو براہ کرم https://www.police.govt.nz/use-105 پر ہم سے آن لائن رابطہ کریں.۔
New Zealand Security Intelligence Service | Te Pā Whakamarumaru
نیوزی لینڈ سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس (NZSIS) نیوزی لینڈ کی داخلی سیکیورٹی انٹیلی جنس ایجنسی ہے۔ اس کا مقصدنیوزی لینڈ اور یہاں رہنے والے ہر شخص کو محفوظ رکھنا ہے۔
NZSIS ایک پبلک سروس ڈپارٹمنٹ ہے جو نیوزی لینڈ کی قومی سلامتی کو لاحق خطرات کی تحقیقات کرتا ہے۔ اس کا مطلب نیوزی لینڈ کو ایک آزاد، کھلے اور جمہوری معاشرے کے طور پر تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس سے نیوزی لینڈ کے بین الاقوامی تعلقات اور معاشی خوشحالی کے تحفظ میں بھی مدد ملتی ہے۔
یہ نیوزی لینڈ کی داخلی سکیورٹی ایجنسی ہے اور انسانی انٹیلی جنس کی سر براہی کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہمختلف لوگوں سے بات کرکے معلومات جمع کرتی ہے۔ NZSIS کی جانب سے تیار کردہ انٹیلی جنس معلومات حکومت اور دیگر پالیسی سازوں کو فراہم کی جاتی ہیںتاکہ درست فیصلہ سازی میں معانت دی جاسکے۔
NZSIS کا ایک اور کام سرکاری ایجنسیوں اور دوسرے اداروں کو اس سلسلے میں مدد فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنے لوگوں، معلومات اور اثاثوں کو قومی سلامتی کے خطرات سے بچا سکیں۔
NZSIS کی توجہ ان اہم شعبوں پر مرکوز ہے:
- غیر ملکی مداخلت، بشمول جبری غیر ملکی ریاستی سرگرمی کے ذریعے ایتھنک کمیونٹیوں کو نشانہ بنانا۔
- جاسوسی
- پرتشدد انتہا پسندی اور دہشت گردی
NZSIS نیوزی لینڈ پولیس اور گورنمنٹ کمیونیکیشنز سیکیورٹی بیورو (GCSB) جیسے مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔ یہ اپنے مقصد کے حصے کے طور پر کمیونٹیوں، iwi ماؤری، مقامی حکومت، تعلیم کے شعبے، کاروباری اداروں اور تنظیموں کے ساتھ بھی کام کرتی ہے۔
یہ سروس انٹیلی جنس اینڈ سیکیورٹی ایکٹ 2017 نامی قانون کے تحت کام کرتی ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ NZSIS قانونی طور پر کام کرے، سیاسی طور پر غیر جانبدار ہو اور انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔ NZSIS کے لیے لازمی ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کی حکومت کی جانب سے طے کردہ انٹیلی جنس ترجیحات کے مطابق کام کرے۔
NZSIS کسی کو گرفتار یا حراست میں نہیں لے سکتی اور نہ ہی وہ لوگوں کی ان کے عقیدے، قومیت یا کسی قانونی احتجاج میں شامل ہونے کی وجہ سے تحقیقات کرتی ہے۔
پبلک سروس کے تمام محکموں کی طرح NZSIS بھی محتسب، پرائیویسی کمشنر، آڈیٹر جنرل کے دفتر اور پبلک سروس کمیشن کو جوابدہ ہے۔
NZSIS انسپکٹر جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ سیکیورٹی کی مضبوط اور آزادانہ نگرانی کے تابع بھی ہے۔ اس کا کام شکایات کی تحقیقات کرنا اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے بارے میں پوچھ گچھ کرنا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ قانونی اور مناسب طریقے سے کام کرتی ہیں۔ NZSIS نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ اور وزراء کو بھی جوابدہ ہے.
یہاں پر مزید جانیں Home | New Zealand Security Intelligence Service
باخبر رہیں Engagement | New Zealand Security Intelligence Service
کسی تشویش کی اطلاع دیں Reporting a national security concern
Government Communications Security Bureau | Te Tira Tiaki
گورنمنٹ کمیونیکیشن سیکیورٹی بیورو (GCSB) سگنلز انٹیلی جنس کے لیے نیوزی لینڈ کا اہم ادارہ ہے۔ اس کا مطلب الیکٹرانک مواصلات سے حاصل کردہ انٹیلی جنس ہے۔
یہ انٹیلی جنس سرکاری ایجنسیوں کو ان کے کام اور فیصلہ سازی میں مدد کے لئے فراہم کی جاتی ہے۔ GCSB غیرملکی شراکت داروں، خاص طور پر آسٹریلیا، امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا سے بھی انٹیلی جنس حاصل کرتا ہے۔ GCSB اور غیرملکی انٹیلی جنس کا یہ امتزاج نیوزی لینڈ کو دنیا کے بارے میں جاننے اور قومی سلامتی کے خطرات سے نمٹنے میں مدد دیتا ہے۔
نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (NCSC)، GCSBکا حصہ ہے اور اس کے ذریعے GCSB سائبر سیکیورٹی کی ایک اہم آپریشنل ایجنسی بھی ہے۔ NCSC تمام نیوزی لینڈ کو سائبر سیکیورٹی خدمات فراہم کرتا ہے - افراد سے لے کر چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں اور تنظیموں، بڑے کاروباری اداروں، حکومت اور قومی سطح پر اہم تنظیموں تک۔
Own Your Online NCSC کی ایک ویب سائٹ ہے جو افراد اور چھوٹے سے درمیانے درجے کے کاروباروں کے لئے سائبر سیکیورٹی مشورے اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے مختص ہے۔ سائبر سیکیورٹی کے واقعے کی اطلاع دینے کے لئے، Own Your Online یا نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر پر جائیں۔
GCSB نیوزی لینڈ سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس (NZSIS) کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ NZSIS نیوزی لینڈ کی قومی سلامتی کو لاحق خطرات بشمول نیوزی لینڈ کی جمہوریت کا تحفظ، غیر ملکی مداخلت کے خطرات اور تمام لوگوں کے آزادانہ طور پر رہنے اور بولنے کے حق کی تحقیقات کرتا ہے۔
بہت سے حفاظتی اقدامات نافذالعمل ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ GCSB ہمیشہ نیوزی لینڈ کے قانون اور انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کے مطابق کام کرے۔
GCSB انٹیلی جنس اینڈ سیکیورٹی ایکٹ 2017 کے تحت اپنے فرائض انجام دیتا ہے، جو کہ ایک ایسا قانون ہے جو نیوزی لینڈ کو ایک آزاد ، کھلے اور جمہوری معاشرے کے طور پر تحفظ فراہم کرتا ہے۔
GCSB ایک پبلک سروس ڈپارٹمنٹ ہے اور تمام سرکاری اداروں کی طرح محتسب، پرائیویسی کمشنر، آڈیٹر جنرل کے دفتر اور پبلک سروس کمیشن کو جوابدہ ہے۔ GCSB انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کے انسپکٹر جنرل کی مضبوط اور آزادانہ نگرانی کے تابع بھی ہے۔ انسپکٹر جنرل انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف شکایات کی تحقیقات کرتا ہے اور جائزے اور انکوائریاں کرتا ہے تاکہ یہ چیک کیا جاسکے کہ وہ قانونی اور مناسب طریقے سے کام کر رہی ہیں۔ GCSB نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ اور وزراء کو بھی جوابدہ ہے۔
GCSB کے لئے تقریبا 600 افراد پر مشتمل عملہ کام کرتا ہے۔ انہیں نیوزی لینڈ بھر کے معاشرے سے بھرتی کیا گیا ہے اور وہ مختلف ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ GCSB کی ایک عوامی ویب سائٹ www.gcsb.govt.nz ہے جو اس کے کام کے بارے میں مزید وضاحت پیش کرتی ہے۔
Human Rights Commission | Te Kāhui Tika Tangata
Tangata - Te Kāhui Tika
Human Rights Commission
ہیومن رائٹس کمیشن، نیوزی لینڈ کا قومی انسانی حقوق کا ادارہ (national human rights institution - NHRI) ہے۔ "He whakamana tangata سب کے لیے باوقار زندگی" ہمارا نصب العین ہے اور ہم نیوزی لینڈ کے تمام شہریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ کرکے اور انہیں مضبوط بنا کر اس کی عکاسی کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں اس میں Te Tiriti o Waitangi سرایت کرے۔
ہیومن رائٹس کمیشن میں چار کمشنرز، ایک انڈیجنس رائٹس گورننس پارٹنر اورتقریبا 60 افراد کا عملہ موجود ہے جو آکلینڈ، ویلنگٹن اور کرائسٹ چرچ میں موجود ہے۔
ہم کئی طریقوں سے انسانی حقوق کو فروغ دیتے ہیں اور ان کا تحفظ کرتے ہیں۔ ان میں سے ایک طریقہ ہیومن رائٹس ایکٹ 1993 کے تحت اپنی مفت اور رازدارانہ خدمات کے ذریعے غیر قانونی امتیاز کے بارے میں شکایات کو دور کرنے میں عوام کی مدد کرنا ہے۔
ہمارے کیس ایڈوائزر اور ثالث معلومات فراہم کرنے، جلد حل تلاش کرنے اور تنازعات حل کرنے کے لیے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ ہماری خدمات مفت اور رازدارانہ ہیں۔ ہم شکایات کی چھان بین نہیں کرتے یا اس بات کا تعین نہیں کرتے کہ آیا قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو اپنی نسل، مذہب، جنس، صنفی اظہار، جنسی رجحان، معذوری یا کسی اور ذاتی خصوصیت کی وجہ
سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے تو آپ شکایت کرسکتے ہیں۔
اگر آپ کو جنسی ہراسانی یا ناپسندیدہ جنسی رویے کا سامنا کرنا پڑا ہے، یا اگر کوئی آپ کے جنسی رجحان یا صنفی اظہار کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو بھی آپ شکایت کرسکتے ہیں۔
امتیازی سلوک کسی فرد کی طرف سے ہو سکتا ہے، جیسے آجر، دکاندار، استاد، یا کسی تنظیم یا سروس جیسے ریسٹورنٹ یا سرکاری تنظیم۔
انسانی حقوق کمیشن میں شکایت کرنا مفت اور رازدارانہ ہے۔ شکایت کرنے کے بارے میں مزید جاننے کے لئے tikatangata.org.nz پر ہماری ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔
معلومات te reo Māori، سموون، ٹونگن، روایتی چینی، آسان چینی اور ہندی کے ساتھ ساتھ آسان فارمیٹس جیسے Easy Read ، Braille file، بڑے پرنٹ اور آڈیو کی شکل میں دستیاب ہیں۔
"He whakamana tangata"
سب کے لئے باوقار زندگی
Ombudsman | Kaitiaki Mana Tangata
جب لوگوں کو مرکزی حکومت اور مقامی حکومت سمیت سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ مسائل پیش ہوں تو محتسب مدد کرسکتا ہے۔ مثال کے طور پر، منسٹری آف سوشل ڈویلپمنٹ، امیگریشن نیوزی لینڈ ، آپ کے بچے کا اسکول اور آپ کی مقامی کونسل۔
محتسب سے انکوائری کرنا یا اس کے ساتھ شکایت دائر کرنا مفت ہے اور یہ سہولت ہر ایک کے لئے دستیاب ہے۔
اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی سرکاری ادارے نے ایسا کام یا ایسے فیصلے کیے ہیں جن سے آپ ناخوش ہیں، جو آپ کے خیال میں غیر منصفانہ، غیر معقول یا غلط ہیں تو آپ محتسب سے شکایت کرسکتے ہیں۔ آپ کی شکایت پر احتیاط سے غور کیا جائے گا. ہوسکتا ہے کہ محتسب آپ کو پہلے ایجنسی سے شکایت کرنے کے لئے کہے اور وہ ایسا کرنے کے طریقے کے بارے میں مشورہ فراہم کرسکتا ہے۔ محتسب آپ کو اپنے خدشات کا اظہار کرنے کے لیے کسی بھی دوسرے طریقے کے بارے میں بتا سکتا ہے۔ محتسب آپ کی شکایت کو حل کرنے یا اس کی تحقیقات کرنے میں بھی مدد کرسکتا ہے۔
اگر کوئی سرکاری ادارہ آپ کو معلومات فراہم کرنے سے انکار کرتا ہے تو بھی آپ محتسب سے شکایت کرسکتے ہیں۔
محتسب ان لوگوں کی بھی مدد کرتا ہے جو اپنے کام کی جگہ پر کسی سنگین غلط کام کا انکشاف کرنا چاہتے ہیں، یا جنہیں اس بارے میں مشورے کی ضرورت ہوتی ہے کہ انکشاف کرتے وقت ان کی حفاظت کیسے یقینی بنے گی۔ محتسب انکشافات کی تحقیقات کرسکتا ہے یا ان پر غور کرنے کے لئے انہیں 'مناسب اتھارٹی' کو بھیج سکتا ہے۔
محتسب سے رابطہ کرنے کے نتیجے میں آپ کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ محتسب کے لیے لازم ہے کہ وہ آپ کے خدشات کے بارے میں کسی اور کو نہ بتائے، ماسوائے جب انہيں حل کرنے میں مدد کے لئے ایسا کرنا ضروری ہو۔
محتسب آزاد ادارہ ہے اور یہ قانونی مشورہ فراہم نہیں کرتا، نہ ہی یہ وکیل یا ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے.
رابطہ کرنا
اگر آپ کے سوالات ہیں یا آپ شکایت کرنا چاہتے ہیں تو آپ محتسب سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
- مفت فون:602 802 0800
- آن لائن جا کر محتسب کی ویب سائٹ پر شکایت فارم کے ذریعےیہاں جائیں: https://www.ombudsman.parliament.nz/ اور 'Get help (for the public)' پر کلک کریں۔
- ای میل: info@ombudsman.parliament.nz
- ڈاک: The Ombudsman, PO Box 10152, Wellington 6143
محتسب کی ویب سائٹ پر مختلف زبانوں اور فارمیٹس میں مفید وسائل اور اشاعتوں کی ایک وسیع رینج دستیاب ہے۔