ڈوکسنگ (Doxing) Doxing

اگر ڈوکسنگ کسی غیر ملکی ریاست کے لئے یا اس کی جانب سے ہوتی ہے تو یہ غیر ملکی مداخلت کی ایک شکل ہے۔ اس بارے میں معلومات حاصل کریں کہ ڈوکسنگ کیا ہے اور اگر آپ یا آپ کے کسی جاننے والے کو ڈوکس کیا جائے تو کیا کرنا ہے۔

ڈوکسنگ (یا Doxing/Doxxing) کیا ہے؟

ڈوکسنگ سے مراد یہ ہے کہ کوئی آپ سے پوچھے بغیر آپ کی ذاتی یا نجی معلومات آن لائن ڈال دے۔ اس میں آپ کا پورا نام، گھر کا پتہ، فون نمبر، آپ کہاں کام کرتے ہیں، یا یہاں تک کہ آپ کے گھرانے سے رابطے کی تفصیلات بھی شامل ہوسکتی ہیں۔ ایسا کرنے والے اکثر اوقات دوسرے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ معلومات کو آپ کو ڈرانے، دھمکانے، ہراساں کرنے یا خوفزدہ کرنے کے لئے استعمال کریں۔

اگر ڈاکسنگ کسی غیر ملکی ریاست کے لئے یا اس کی جانب سے کی جاتی ہے تو، یہ غیر ملکی مداخلت کی ایک شکل ہے۔ ذاتی اور نجی معلومات کو عوامی طور پر شیئر کرنا کسی کی رازداری، سلامتی اور حفاظت کو نقصان پہنچا سکتا ہے.

اگر آپ کو ڈاکس کیا گیا ہے تو کیا کیا جائے

خاندان اور دوستوں کو آگاہ کریں

اگر آپ ٹھیک محسوس کریں تو اپنے خاندان اور دوستوں کو بتائیں کہ کیا ہوا تھا، کیونکہ انہیں بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہیں کہیں کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پروفائلز کو نجی کر لیں۔

جس پلیٹ فارم / ویب سائٹ / ایپ پر یہ ہوا ہے، اسے اطلاع دیں

جس ویب سائٹ، ایپ، یا پلیٹ فارم پر واقع پیش آیا ہو اس پر موجود رپورٹنگ کی سہولت استعمال کریں۔ نیٹ سیف کے سوشل میڈیا رہنما اصولوں میں ایسا کرنے کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔

نیٹ سیف کو رپورٹ کریں۔

آپ نیٹ سیف کو نقصان دہ مواد کی اطلاع دے سکتے ہیں: ایک درخواست دیں - Netsafe-

نیٹ سیف آپ کو آن لائن حفاظت کے بارے میں ماہرانہ مدد، مشورہ اور مدد بھی دے سکتا ہے.

مدد حاصل کرنے کے لئے help@netsafe.org.nz پر ای میل کریں یا 4282 پر 'Netsafe' ٹیکسٹ کریں۔

پولیس کو رپورٹ کریں

اگر آپ خطرے میں ہیں تو، فوری طور پر 111 پر فون کرکے پولیس کو کال کریں.

اگر یہ ہنگامی صورتحال نہیں ہے، تو آپ درج ذیل طریقوں سے پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں:

  • 105 آن لائن فارم استعمال کرکے
  • کسی بھی موبائل یا لینڈ لائن سے 105 پر کال کرکے، یہ سروس مفت ہے اور 24 گھنٹے ساتوں دن ملک بھر میں دستیاب ہے۔

105 فارم آپ کی کچھ ذاتی معلومات طلب کرتا ہے تاکہ پولیس کو آپ کی رپورٹ پر کارروائی کرنے اور آپ کے ساتھ فالو اپ کرنے میں مدد ملے۔ پولیس ان معلومات کو محض انہی مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے جن کی اسے اجازت ہے۔

NZSIS کو رپورٹ کریں

اگر آپ کو شک ہے کہ آپ کی ڈوکسنگ کے پیچھے کوئی غیر ملکی ریاست ہے تو آپ NZSIS کو ان کا محفوظ آن لائن فارم استعمال کرتے ہوئے اطلاع دے سکتے ہیں۔

اگر آپ اپنی ذاتی معلومات جیسے اپنا نام، فون نمبر، یا رابطے کی تفصیلات نہیں دینا چاہتے تو ایسا کرنا ضروری نہیں ہے۔ آپ اپنی زبان میں بھی فارم بھر سکتے ہیں۔ آپ کی فراہم کردہ تمام معلومات رازدارانہ اور محفوظ ہیں۔

اگر آپ NZSIS میں کسی سے بات کرنا چاہتے ہیں، تو آپ انہیں 6444726170+  یا
0800747224 پر کال کر سکتے ہیں۔

اطلاع دیتے وقت نیٹ سیف، پولیس یا NZSIS کے ساتھ کونسی معلومات شیئر کی جائيں

اطلاع دیتے وقت زیادہ سے زیادہ تفصیلات شامل کرنا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ درج ذیل کی اسکرین شاٹ لینے یا اس کی ایک نقل محفوظ کرنے کی کوشش کریں:

  • شیئر یا پوسٹ کی جانے والی کون سی ذاتی یا نجی معلومات تھیں۔
  • جس شخص نے یہ شیئر کیا اس کا یوزر پروفائل یا اکاؤنٹ (مثال کے طور پر اس کا یوزرنیم)
  • معلومات شیئر یا پوسٹ کرنے کی تاریخ اور وقت
  • اس ویب سائٹ یا ایپ کا نام جہاں یہ واقعہ پیش آیا

خود کو ڈوکس ہونے سے کیسے بچایا جائے

آن لائن تحفظ برقرار رکھیں

مزید معلومات کے لیےKeeping Safe Online دیکھیں۔

آن لائن معلومات شیئر کرنے میں محتاط رہیں

اپنے سوشل میڈیا اور آن لائن اکاؤنٹس پر اپنی پرائیویسی سیٹنگز چیک کریں۔ اپنی پروفائلز کو نجی کر لیں تاکہ صرف وہ لوگ آپ کی معلومات دیکھ سکیں جن پر آپ اعتماد کرتے ہیں۔

اپنے بارے میں ویب سرچ کریں

اپنا نام اور ذاتی تفصیلات تلاش کریں کہ آپ کے بارے میں کون سی معلومات عوامی طور پر دستیاب ہیں۔ کوئی بھی ایسی ذاتی اور نجی معلومات حذف کریں جو دوسرے آپ کو نقصان پہنچانے کے لئے استعمال کرسکتے ہیں جیسے آپ کا پتہ۔

اپنے ڈیوائسز پر لوکیشن اور جیو ٹیگنگ کی سیٹنگز تبدیل کریں

اسمارٹ فونز اور کیمرے آپ کی لوکیشن سیٹنگز استعمال کرتے ہوئے تصاویر میں مقام کا ڈیٹا شامل کرسکتے ہیں۔ یہ ڈیٹا آپ کی ذاتی معلومات کو تلاش کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے، جیسے آپ کا گھر یا آپ کے بچوں کا اسکول. ہر ڈیوائس پر جیو ٹیگنگ یا لوکیشن سیٹننگز کو بند کرنا مختلف ہوتا ہے، لہذا اپنے ڈیوائس کا نام استعمال کرتے ہوئے آن لائن جا کر مخصوص ہدایات تلاش کریں۔

ان معلومات کو ڈاؤن لوڈ کریں

Last modified: